غزہ بورڈ آف پیس کے رکن ممالک 5 ارب ڈالر فراہم کریں گے، ڈونلڈ ٹرمپ کا اعلان

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ غزہ بورڈ آف پیس کے رکن ممالک غزہ کے لیے 5 ارب ڈالر کے فنڈز فراہم کریں گے، جو تعمیرِ نو اور انسانی امداد کے منصوبوں پر خرچ کیے جائیں گے۔
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ بورڈ کے رکن ممالک کی جانب سے دی جانے والی رقم غزہ میں بنیادی ڈھانچے کی بحالی اور متاثرہ آبادی کے لیے انسانی امداد میں استعمال کی جائے گی۔
امریکی صدر کے مطابق رکن ممالک نے بین الاقوامی استحکام فورس اور مقامی پولیس کے لیے اہلکار فراہم کرنے کا بھی وعدہ کیا ہے۔ ٹرمپ نے واضح کیا کہ حماس کو طے شدہ معاہدے پر مکمل عملدرآمد کرنا ہوگا اور اسلحہ ترک کرنا ہوگا۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ بورڈ آف پیس مستقبل میں تاریخ کا سب سے مؤثر بین الاقوامی ادارہ ثابت ہوگا، اور اس کے چیئرمین کی حیثیت سے خدمات انجام دینا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔



