بنگلہ دیشی وزیراعظم کی حلف برداری میں شہباز شریف اور مودی مدعو ہوں گے

ڈھاکہ (مانیٹرنگ ڈیسک) بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق نئی حکومت کی حلف برداری کی تقریب میں انڈین وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کے پاکستانی ہم منصب شہباز شریف سمیت جنوبی ایشیائی علاقائی تعاون تنظیم (سارک) کے رکن ممالک کے سربراہانِ حکومت کو مدعو کیا جائے گا۔
بنگلہ دیشی اخبار ڈھاکہ ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق متوقع وزیراعظم طارق رحمان کی تقریب حلف برداری 17 فروری کو ہوگا اور اس تقریب کا انعقاد عبوری حکومت کرے گی۔
رپورٹ کے مطابق 13 ویں قومی پارلیمانی انتخابات میں واضح اکثریت حاصل کرنے کے بعد بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی نے نئی حکومت کی تشکیل کا باضابطہ عمل شروع کر دیا ہے۔ پارٹی دو تہائی سے زائد نشستیں جیت کر حکومت بنانے جا رہی ہے۔
تقریب میں شرکت کے لیے سارک کے رکن ممالک اور مشرقِ وسطیٰ کے ممالک کے سربراہانِ حکومت کو دعوت دینے کی تیاریاں جاری ہیں۔
ڈھاکہ ٹریبیون سے گفتگو کرتے ہوئے بی این پی کے جوائنٹ سیکرٹری جنرل ہمایوں کبیر نے کہا کہ میں کسی مخصوص ملک کا ذکر نہیں کر رہا، بی این پی کی جانب سے سارک کے رکن ممالک اور مشرقِ وسطیٰ کے ممالک کے سربراہانِ حکومت کو حلف برداری کی تقریب میں مدعو کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔
پارٹی ذرائع کے مطابق بی این پی اس تقریب میں غیر ملکی معزز شخصیات کی شرکت کو یقینی بنا کر اپنی سفارتی ترجیحات کا اشارہ دینا اور علاقائی تعاون کو مضبوط کرنا چاہتی ہے، توقع ہے کہ نئی حکومت اپنی خارجہ پالیسی میں جنوبی ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ کے ساتھ تعلقات پر خصوصی توجہ دے گی۔
خیال رہے بی این پی کی جیت کے بعد میڈیا سے اپنی پہلی گفتگو میں بنگلہ دیش کے متوقع وزیرِاعظم طارق رحمان نے دو دہائیوں بعد اپنی جماعت کی اقتدار میں واپسی پر معیشت کی بحالی، امن و امان کے قیام اور گڈ گورننس کو اپنی اولین ترجیحات قرار دیا تھا۔



