عظیم صوفی بزرگ حضرت لعل شہباز قلندرؒ کا 774واں سالانہ عرس سیہون شریف میں شروع

سیہون شریف (جانوڈاٹ پی کے)عظیم صوفی بزرگ حضرت لعل شہباز قلندرؒ کا 774واں سالانہ عرس عقیدت و احترام کے ساتھ سیہون شریف میں شروع ہو گیا، جہاں ملک بھر سے لاکھوں زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

عرس کے آغاز کے ساتھ ہی سیہون شریف کی فضائیں دمادم مست قلندر کی روح پرور صداؤں سے گونج اٹھیں، جبکہ زائرین مخصوص انداز میں دھمال ڈال کر حضرت لعل شہباز قلندرؒ کو ہدیۂ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔ مزار پر روحانی ماحول دیدنی ہے اور ہر طرف محبت، اخوت اور صوفیانہ رنگ نمایاں ہے۔

عرس مبارک میں شرکت کے لیے سندھ سمیت پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور ملک کے دیگر حصوں سے عقیدت مند سیہون شریف پہنچ رہے ہیں، جبکہ زائرین کے لیے لنگر، رہائش اور دیگر سہولیات کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔

اس موقع پر صوبائی حکومت کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں، جبکہ داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کا مؤثر نظام قائم کیا گیا ہے تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

انتظامیہ کے مطابق عرس کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ طبی سہولیات اور ایمرجنسی سروسز بھی متحرک ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button