معروف بھارتی فلم ڈائریکٹر کے گھر فائرنگ

ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) بالی ووڈ کے معروف فلم ڈائریکٹر روہت شیٹی کے گھر کے باہر ہفتہ کی شب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی کے جُہو علاقے میں نامعلوم افراد نے روہت شیٹی کی رہائش گاہ کے باہر متعدد راؤنڈ فائر کیے۔ واقعے کے وقت ڈائریکٹر خود گھر پر موجود تھے۔ فائرنگ کے فوری بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے گئے، جبکہ سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کی بنیاد پر جاری ہیں، اور جلد ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

دوسری جانب اس فائرنگ کی ذمہ داری لارنس بشنوئی گینگ نے قبول کر لی ہے۔ گینگ کے ایک بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ یہ کارروائی ان کی جانب سے کی گئی اور ساتھ ہی روہت شیٹی کو سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی گئی ہیں۔

ممبئی پولیس اور کرائم برانچ نے مشترکہ طور پر تفتیش شروع کر دی ہے۔ یہ واقعہ ایک بار پھر بالی ووڈ شخصیات کی حفاظت اور سیکیورٹی کے نظام پر سوالات اٹھا دیتا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال بھی سلمان خان کی رہائش گاہ کے باہر اسی گینگ نے فائرنگ کی تھی۔

مزید خبریں

Back to top button