ہالا کے مستقبل کے ماسٹر پلان پر اہم سیمینار

ھالا(رپورٹ:امجد راجپوت/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے)ہالا شہر کے مستقبل کے ماسٹر پلان کے حوالے سے ہالا جمخانہ میں ایک اہم سیمینار منعقد کیا گیا، جس کا اہتمام سندھ حکومت کے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور اربن ریجنل پالیسی اینڈ اسٹریٹجک پلاننگ ونگ نے مشترکہ طور پر کیا۔ سیمینار میں ہالا کو ایک ماڈل سٹی بنانے کے لیے تجویز کردہ ماسٹر پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

سیمینار میں شہر کی مستقبل کی ترقیاتی سمت، سابقہ مشاورتی اجلاسوں کے دوران اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے پیش کی گئی سفارشات و تجاویز، اور شہری منصوبہ بندی کے اہم پہلوؤں پر جامع گفتگو کی گئی۔ تقریب کا بنیادی مقصد اہم اسٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر کے ہالا شہر کے لیے طویل المدتی اور پائیدار شہری ترقی کی حکمتِ عملی کے حوالے سے مقامی آراء اور تجاویز حاصل کرنا تھا۔

سیمینار میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو اقرا جنت، اسسٹنٹ کمشنر ہالا ڈاکٹر مظاہر، سینئر سرکاری افسران، پلاننگ کنسلٹنٹس، سیاسی نمائندگان، مختلف سرکاری محکموں اور شہری اداروں کے نمائندگان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے اربن ریجنل پالیسی کے ڈپٹی ڈائریکٹر ذوالفقار علی کنبھار، ڈپٹی ڈائریکٹر نبیش اختر میمن، اسسٹنٹ ڈائریکٹر علی مراد ابڑو اور کنسلٹنٹ سید بابر علی شاہ نے شرکاء کو ہالا ماسٹر پلان کی تیاری، مقاصد اور مختلف تکنیکی پہلوؤں سے متعلق تفصیلی آگاہی فراہم کی۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ مقامی سطح پر عوامی شمولیت اور اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے ذریعے ہی ایسا منصوبہ تیار کیا جا سکتا ہے جو شہر کی حقیقی ضروریات کو پورا کر سکے۔

اے اے کنسلٹنگ کے نمائندے سید بابر علی شاہ نے بتایا کہ ہالا کا ماسٹر پلان سندھ حکومت کے اس جامع منصوبے کا حصہ ہے جس کا آغاز 2013 میں سندھ کے بڑے شہروں کی منظم ترقی کے لیے کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اب تک 17 شہروں کے ماسٹر پلان مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ ہالا، ٹنڈو آدم، کوٹری اور مورو سمیت کئی شہروں پر تیسرے مرحلے کے تحت کام جاری ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ماسٹر پلان آئندہ بیس برسوں کی ضروریات کو مدِنظر رکھتے ہوئے تیار کیا جا رہا ہے، جس میں صحت، تعلیم، پانی کی فراہمی، صفائی و ستھرائی، ٹرانسپورٹ، گرین بیلٹس، ماحولیاتی تحفظ اور دیگر بنیادی شہری سہولیات پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ذوالفقار علی کنبھار نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہالا میں بڑھتی ہوئی آبادی اور شہری پھیلاؤ کے باعث منظم اور پیشگی شہری منصوبہ بندی ناگزیر ہو چکی ہے، کیونکہ غیر منظم ترقی وسائل پر اضافی بوجھ ڈالتی ہے اور بنیادی ڈھانچے کو سنگین مسائل سے دوچار کر سکتی ہے۔ انہوں نے شہری نمائندگان اور اسٹیک ہولڈرز سے اپیل کی کہ وہ اپنی تجاویز اور مقامی معلومات فراہم کریں تاکہ ماسٹر پلان کو مؤثر اور نتیجہ خیز بنایا جا سکے۔

سیمینار کے دوران سوال و جواب اور تبادلۂ خیال کا سیشن بھی منعقد کیا گیا، جس میں شرکاء نے شہر کی مجموعی ترقی، سہولیات کی بہتری اور پائیدار شہری منصوبہ بندی کے حوالے سے اپنی قیمتی تجاویز پیش کیں۔

مزید خبریں

Back to top button