خیبرپختونخوا کے 26 اضلاع ہارڈ ایریا قرار، افسران کیلئے 250 فیصد سکیورٹی رسک الاؤنس منظور

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا کے 6 ریجنز کے 26 اضلاع کو ہارڈ ایریا قرار دیتے ہوئے وفاقی انتظامی اور پولیس افسران کے لیے سکیورٹی رسک الاؤنس کی منظوری دے دی۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اسلام آباد کی جانب سے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کو ارسال کیے گئے خط کے مطابق دہشت گردی سے متاثرہ اضلاع میں پشاور، خیبر، مردان، چارسدہ، مہمند، نوشہرہ، کوہاٹ، ہنگو، کرک، کرم، اورکزئی، بنوں، لکی مروت، شمالی وزیرستان، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، جنوبی وزیرستان اپر و لوئر، سوات، بونیر، شانگلہ، باجوڑ، دیر اپر و لوئر اور چترال اپر و لوئر شامل ہیں۔

خط کے مطابق مذکورہ اضلاع میں تعینات وفاقی انتظامی اور پولیس افسران کو سکیورٹی رسک الاؤنس دیا جائے گا، جس کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔ الاؤنس افسر کی بنیادی تنخواہ کے 250 فیصد کے برابر ہوگا۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق افسر کے تبادلے کے ساتھ ہی سکیورٹی رسک الاؤنس فوری طور پر ختم ہوجائے گا، جبکہ اس کی ادائیگی وفاقی حکومت کرے گی اور الاؤنس پر انکم ٹیکس بھی لاگو ہوگا۔

خط میں واضح کیا گیا ہے کہ معطلی، او ایس ڈی، جوائننگ ٹائم اور تربیت کے دوران افسران سکیورٹی رسک الاؤنس کے حقدار نہیں ہوں گے۔ یہ الاؤنس پنشن اور گریجویٹی کے لیے قابلِ شمار بھی نہیں ہوگا۔

دستاویز کے مطابق ضلع صوابی اور ہزارہ ڈویژن میں تعینات افسران کو سکیورٹی رسک الاؤنس نہیں دیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button