وینزویلا کے مغوی صدر مادورو اور ان کی اہلیہ کو نیویارک منتقل کردیا گیا

نیویارک (جانوڈاٹ پی کے)امریکا کے وینزویلا پر حالیہ فوجی حملے کے بعد گرفتار کیے گئے وینزویلا کے صدر نیکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو لے کر امریکی طیارہ نیویارک پہنچ گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر نیکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو اسٹیورٹ ایئر نیشنل گارڈ بیس، نیویارک منتقل کیا گیا، جہاں سے امکان ہے کہ انہیں آئندہ ہفتے مین ہٹن کی وفاقی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ امریکی حکام کے مطابق صدر مادورو کو منشیات اسمگلنگ، اسلحہ رکھنے اور دہشت گردی سے متعلق سنگین الزامات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
یاد رہے کہ ہفتے کے روز امریکا نے وینزویلا میں ایک غیر معمولی فوجی کارروائی کی تھی، جس کے دوران امریکی ڈیلٹا فورس نے صدر مادورو اور ان کی اہلیہ کو صدارتی محل سے گرفتار کیا۔ اس کارروائی کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیوز بریفنگ میں تصدیق کی کہ یہ آپریشن ان کی ہدایات پر انجام دیا گیا۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وینزویلا میں کیے گئے اس آپریشن میں متعدد جنگی طیاروں اور ہیلی کاپٹروں نے حصہ لیا، جبکہ اس کی خفیہ منصوبہ بندی دسمبر کے اوائل میں مکمل کر لی گئی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکا ضرورت پڑنے پر مزید کارروائیوں کے لیے بھی تیار ہے اور صدر مادورو کے خلاف امریکا میں قانون کے مطابق مقدمہ چلایا جائے گا۔



