چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر اور مدیرِ حرمِ کاظمین (ع) کی عراق میں اہم ملاقات ،دوطرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق

سکھر+عراق(جانوڈاٹ پی کے) چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ نے ارضِ انبیاء و آئمہ کی سرزمین عراق میں حرمِ کاظمین (ع) کے مدیرِ اعلیٰ ڈاکٹر احمد سے ملاقات کی، جس میں مذہبی، ثقافتی اور سماجی تعاون سمیت کئی اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ملاقات نہایت خوشگوار ماحول میں ہوئی اور دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر احمد نے سندھ خصوصاً سکھر کے عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے لوگ اہلِ بیت اطہارؑ سے گہری عقیدت رکھتے ہیں،جو دونوں خطوں کے درمیان مضبوط روحانی رشتے کی بنیاد ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں اس رابطے کو مزید فروغ دیا جائے گا۔سید کمیل حیدر شاہ نے کہا کہ سندھ اور عراق خصوصاً کاظمین کے درمیان تعلقات تاریخی اور روحانی بنیادوں پر قائم ہیں۔ انہوں نے تجویز دی کہمذہبی وفود کے تبادلوں،ثقافتی و علمی پروگراموں کے انعقاد،طلباء اور محققین کے تعاون، فلاحی و سماجی منصوبوں پر مشترکہ کام کے ذریعے باہمی تعاون کو نئی جہتیں دی جا سکتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عنقریب حرمِ کاظمین (ع) کا ایک وفد پاکستان کا خصوصی دورہ کرے گا، جس دوران سندھ حکومت اور ڈسٹرکٹ سکھر کی قیادت کے ساتھ مستقبل کے مشترکہ منصوبوں پر عملی پیش رفت کی جائے گی، جبکہ سکھر اور سندھ کے نمائندے بھی کاظمین کا دورہ کریں گے۔ملاقات میں یہ بھی طے کیا گیا کہ زیارت کے حوالے سے پاکستان سے آنے والے زائرین کی سہولیات میں اضافے کے لیے باقاعدہ روابط قائم کیے جائیں، جبکہ سکھر میں ثقافتی تعاون کے تحت کاظمین ایکسپو، مذہبی سیمینارز اور تربیتی پروگراموں کے انعقاد پر بھی غور کیا گیا۔آخر میں دونوں شخصیات نے اُمید ظاہر کی کہ اس تعاون سے دونوں خطوں کے عوام ایک دوسرے کے مزید قریب آئیں گے اور پاکستان اور عراق کے تعلقات مزید مضبوط ہونگے۔

مزید خبریں

Back to top button