لاڑکانہ:عالمی یوم ثقافت کی شاندار تقریب، گلوکاروں اور کامیڈینز نے محفل میں جان ڈال دی

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) سندھ میں 7 ڊسمبر کو عالمی یوم ثقافت منانے کے سلسلے میں لاڑکانہ پریس کلب میں مختلف ثقافتی رنگوں سے مہکی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں محفل موسیقی میں معروف گلوکاروں اور کامیڈینز نے فن کا بہترین مظاہرہ کیا اور تقریب کو سُر، سنگیت اور قہقہوں سے سجا دیا. تقریب میں لاڑکانہ پریس کلب کے صدر نوید لاڑک، جنرل سیکرٹری عبدالقادر جاگیرانی، سینئر صحافیوں مرتضیٰ کلہوڑو، محمد عاشق پٹھان، سلامت ابڑو، منصور ابڑو، حنیف سہاگ اور دیگر سمیت ترجمان حکومت سندھ بلند خان جونیجو، ڈپٹی کمشنر شرجیل نور چنہ، ایس ایس پی احمد فیصل چودھری، ڈپٹی میئر میونسپل کارپوریشن محمد امین شیخ اور دیگر مہمانوں نے بھرپور شرکت کی. تمام مہمانوں کی سندھی اجرکوں کے خصوصی تحائف پہنائے گئے. تقریب میں سندھ شہری اتحاد سمیت سیاسی، سماجی، ادبی اور صحافتی تنظیموں کے نمائندے، تاجر اور مختلف مکاتب فکر کے رہنما بھی شریک ہوئے. اس موقع پر سندھ کے مشہور گلوکاروں دیبا سحر، شبو لال، جگر جلال، وقار ملاح نے سندھی ثقافتی گیتوں پر حاضرین محفل کو جھوما دیا. مشہور کامیڈین ماما لالو اور دیگر فنکاروں نے دل موہ لینے والی پرفارمنس کے ذریعے قہقہوں کی برسات کر دی. صحافی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سندھی ثقافت محبت، امن اور بھائی چارے کا پیغام دیتی ہے لاڑکانہ پریس کلب اس لازوال ورثے پر فخر محسوس کرتا ہے اور اسی ورثے کو زندہ رکھنے کا یہ جشن آنے والی نسلوں کے لیے ایک روشن مثال ہوگا.



