بااثر افراد کی جانب سے زمین پر قبضے کے خلاف شہری کا سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاج

سکھر(جانوڈاٹ پی کے )سکھر کے علاقے شکارپور روڈ نزد دادو چوک کے رہائشی امین اللہ مغل ولد غلام فرید مغل نے بااثر افراد کی جانب سے اراضی پر مبینہ غیر قانونی قبضے کے خلاف سکھر پریس کلب کے باہر احتجاج کیا۔احتجاج کرنے والے متاثرہ شہری کا کہنا تھا کہ بااثر افراد نے اُس کے مکان نمبر D-1345 کی 25×3 گز اراضی پر غیر قانونی قبضہ کررکھا ہے۔ امین اللہ مغل کے مطابق اس حوالے سے اس نے متعدد مرتبہ تحریری شکایات درج کرائیں، جس پر سٹی سروے اور مختیار کار کی جانب سے تیار کردہ مشترکہ رپورٹ میں بھی واضح طور پر لکھا گیا ہے کہ متعلقہ قبضہ غیر قانونی ہے۔متاثرہ شخص نے مزید بتایا کہ اس نے 5 نومبر کو اس غیر قانونی قبضے کے خلاف ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی، جس کے بعد سے مبینہ طور پر ملوث افراد بلڈر مافیا کے ساتھ مل کر اسے ہراساں کر رہے ہیں اور مختلف ذرائع سے مقدمہ واپس لینے کے لیے دباؤ ڈالا جارہا ہے۔ انکار پر اسے سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی جارہی ہیں، جو سراسر ظلم و ناانصافی ہے۔امین اللہ مغل نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اسے انصاف فراہم کریں اور اس کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنائیں۔

مزید خبریں

Back to top button