خداکیلئے حکمران سندھ کو سنبھالیں،پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی عامر مگسی بول اُٹھے

لاڑکانہ(نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی میر عامر مگسی نے کہا ہے کہ حکمران خدا کے لئے سندھ کو سنبھالیں،پنجاب میں ترقیاتی کاموں اور ان کے معیار پر زیادہ توجہ دی جا رہی ہے لیکن سندھ میں ایسا نہیں،یہاں روڈ بنتے ہیں تو دو تین سالوں میں اکھڑ جاتے ہیں، پیور بلاک اور دیگر ترقیاتی کاموں کا بھی کوئی معیار نہیں رہتا، لوگ ہم سے پوچھتے ہیں کہ کام کیوں نہیں ہو رہے؟ اور ہماری بے عزتی ہو رہی ہے، ہم ان کو جواب نہیں دے سکتے، آخر ایسا کیوں ہے؟ سرکاری افسران میں کرپشن کا ایلیمنٹ شامل ہے، اس صورتحال پر وزیراعلیٰ سندھ کو نوٹس لیکر ایکشن لینا ہوگا اور متعلقہ محکموں کے وزراء سے ملکر ترقیاتی کاموں کو سنجیدگی سے دیکھنا پڑے گا. ہم منتخب نمائندے تو فنڈز فراہم کرتے ہیں لیکن جہاں کام ہو رہے ہوں وہاں کے لوگوں اور پیپلزپارٹی کے عہدیداروں کو بھی نگرانی کرنی چاہئے.
قمبر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں میونسپل اور ٹائون کمیٹیز کے منتخب چئیرمینز سے بھی عوام کو پوچھنا چاہئے کہ ان کے پاس جو بجٹ آتا ہے اس سے کون سے کام کرائے جا رہے ہیں؟ ان کا بجٹ ہم سے الگ ہے. انہوں نے کہا کہ قمبرشہدادکوٹ میں امن امان کی صورتحال کو بہتر کرنے کے لئے ہم نے ایس ایس پی سے کئی بار ملاقاتیں کی ہیں لیکن یہاں تھانوں پر جو ایس ایچ اوز تعینات کئے جاتے ہیں وہ سفارش اور سیاسی مداخلت کے ذریعے نہیں کئے جانے چاہئیں بلکہ تمام تعناتیاں پولیس افسران کی جانب سے میرٹ پر کی جائیں۔



