پیپلز پارٹی صوبائی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرےگی،نثار کھوڑو

شہدادکوٹ(رپورٹ:احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پے کے)پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر اور چیئرمین پبلک اکاؤنٹ کمیٹی نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی18ویں ترمیم، صوبائی خود مختاری اور این ایف سی میں صوبوں کے حصے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریگی۔صوبوں کے آئینی حقوق ہر صورت میں قائم رہیں گے۔
لاڑکانہ پریس کلب میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آئینی عدالت کا قیام وقت کی ضرورت ہے کیونکہ وہ عدالت آئینی معاملات پر برابری کے نمائندگی سے فیصلے کر سکے گی. نثار کھوڑو نے الزام لگایا کہ ماضی میں اعلیٰ عدلیہ نے مارشل لا کو تحفظ فراہم کیا جبکہ آئینی عدالت کے قیام کا مقصد کسی سے انتقام نہیں بلکہ انصاف کو مضبوط کرنا ہے تاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے کیس میں کی گئی زیادتیاں مستقبل میں نہ دہرائی جائیں.
انہوں نے کہا کہ 27 ویں ترمیم پر غلط افواہیں پھیلا کر لوگوں کو گمراہ کیا گیا جبکہ نہ تو صوبوں کے حصوں میں کٹوتی کی جا رہی ہے اور نہ ہی 18 ویں ترمیم کو رول بیک کرنے کا ارادہ ہے اور نہ سندھ کو تقسیم کرنے کا کوئی منصوبہ لایا جا رہا ہے. انہوں نے کہا کہ پبلک اکاؤنٹ کمیٹی نے مختلف سرکاری محکموں سے 26 ارب روپے واپس لیکر خزانے میں جمع کروائے ہیں جبکہ پانی کی فراہمی اور گندم کی قیمتوں پر پیپلز پارٹی کاشتکاروں کی آواز ہر فورم پر بلند کرتی رہے گی۔



