بدین:محکمہ تعلیم میں اضافی اساتذہ بھرتی کرنے کا انکشاف

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے )وزیر تعلیم اور سیکرٹری کے احکامات ہوا میں اڑاتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری بدین نے ضلع بھر میں پہلے سے اضافی اساتذہ کی موجودگی کے باوجود نئے اساتذہ بھرتی کرلئے ہیں۔
اسکول ایجوکیشن کی آن لائن رپورٹ کے مطابق، متعدد اسکولوں میں پہلے ہی ضرورت سے زیادہ اساتذہ تعینات ہونے کے باوجود کئی اسکولوں کو بند کردیا گیا ہے، جبکہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری بدین نے مبینہ طور پر سیکریٹری تعلیم کے اختیارات استعمال کرتے ہوئے اپنی مرضی کے اسکولوں میں مزید اساتذہ تعینات کیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، وزیر تعلیم سندھ اور سیکریٹری تعلیم سندھ بار بار یہ اعلان کرچکے ہیں کہ کوئی بھی ضلعی ایجوکیشن آفیسر کسی استاد کی بدلی نہیں کرے گا، اور ہر استاد کو اپنے بایومیٹرک مقام پر ڈیوٹی دینے کا پابند بنایا جائے گا۔ مگر بدین کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری نے ان احکامات کو کھلے عام چیلنج کرتے ہوئے پالیسی کے خلاف آرڈرز جاری کیے ہیں۔ اس کی تفصیلات ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی ویب سائٹ کے آن لائن ڈیٹا میں بھی موجود ہیں گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول صدیق کنبھر (سیمس کوڈ: 401010798) میں 46 طالبات کے لیے پہلے ہی 14 اساتذہ مقرر ہیں، جبکہ طالبات کے تناسب کے مطابق صرف 2 اساتذہ کی ضرورت ہے۔ یعنی 12 اساتذہ پہلے ہی اضافی ہیں، اس کے باوجود ڈی ای او سیکنڈری نے ایک اور HST تعینات کردیا، جس سے اضافی اساتذہ کی تعداد 13 ہوگئی۔ حالانکہ HST کا آرڈر کرنا سیکریٹری ایجوکیشن کا اختیار ہے، مگر ڈی ای او نے وہ اختیار خود استعمال کیا گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول مین بدین (سیمس کوڈ: 401010825) میں سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 25 اضافی اساتذہ پہلے سے موجود ہیں، اس کے باوجود ڈی ای او سیکنڈری نے مزید 8 اساتذہ تعینات کیے ہیں گورنمنٹ بوائز لوئر سیکنڈری اسکول نظاماڻي محلہ ماتلی (سیمس کوڈ: 401030649) میں 18 اضافی اساتذہ کے باوجود ڈی ای او سیکنڈری نے مزید 2 اساتذہ مقرر کیے گورنمنٹ بوائز لوئر سیکنڈری اسکول جمیل کالونی ماتلی (سیمس کوڈ: 401030650) میں 17 اضافی اساتذہ کے باوجود مزید 3 اساتذہ تعینات کیے گئے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول ماتلی (سیمس کوڈ: 401030688) میں 27 اضافی اساتذہ کے باوجود ڈی ای او نے مزید 5 اساتذہ اپنی جانب سے تعینات کیے گورنمنٹ گرلز لوئر سیکنڈری اسکول ماتلی (سیمس کوڈ: 401030185) میں 13 اضافی اساتذہ کے باوجود مزید ایک ٹیچر کا آرڈر جاری کیا گیا گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول کشمیری محلہ ماتلی (سیمس کوڈ: 401030658) میں 18 اضافی اساتذہ ہونے کے باوجود مزید 2 اساتذہ تعینات کیے گئے
عوام نے سندھ حکومت سے گزارش ہے کہ ایسے بدعنوان افسر کے خلاف انکوائری کمیٹی بٹھائی جائے اور سخت کارروائی کی جائے تاکہ بدین ضلع کے غریب بچوں کا مستقبل تباہ ہونے سے بچایا جاسکے۔



