بھٹ شاہ میں پبلک سکول کا منصوبہ18سال گزرنے کے باوجود نامکمل،سول سوسائٹی پھٹ پڑی

ہالا(رپورٹ:امجدراجپوت/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے)بھٹ شاہ میں پبلک سکول کا منصوبہ18سال گزرنے کے باوجود نامکمل
بھٹ شاہ میں سول سوسائٹی سندھ ہالا کے چیئرمین سید گلفام شاہ نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ شاہ عبداللطیف بھٹائی کے شہر میں قائم پبلک اسکول کا منصوبہ 18سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود مکمل نہیں ہو سکا،جو علاقے کے نوجوانوں کی تعلیم کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔
سید گلفام شاہ نے مزید کہا کہ اگر اس منصوبے پر دوبارہ کام شروع کیا جائے تو یہ نہ صرف تعلیمی بلکہ ثقافتی لحاظ سے بھی ایک بہترین مثال بن سکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ سول سوسائٹی کی جانب سے متعلقہ حکام کو بارہا تحریری طور پر اسکول کی تکمیل کے لیے درخواستیں دی گئی ہیں، جبکہ پیٹارو کالج کے نیول چیف آفیسر کی ہدایت پر پیٹارو اسکول کی ٹیم نے بھی اس منصوبے کا جائزہ لیا ہے۔
آخر میں سید گلفام شاہ نے صدرپاکستان، سندھ حکومت اور پاک فوج سے اپیل کی کہ اس اہم تعلیمی منصوبے کو جلد مکمل کرایا جائے تاکہ بھٹ شاہ کے بچے بھی معیاری تعلیم حاصل کر سکیں۔



