پولیس کسٹڈی میں ہلاکت، عدالت نے بکری کا پوسٹمارٹم کرنے کا حکم دے دیا

خیرپورناتھن شاہ(جانوڈاٹ پی کے) سندھ کی عدالت نے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ بکری کا پوسٹ مارٹم کرنے کا حکم دے دیاہے۔ خیرپورناتھن شاہ کی عدالت میں ایک انوکھا دلچسپ اور تاریخی فیصلہ سامنے آیا ہے، جس نے نہ صرف شہریوں بلکہ قانونی ماہرین کو بھی حیران کر دیا ہے۔

سیکنڈ سول جج عاشق علی پہنور نے پولیس کی تحویل میں بکری کی موت پر پوسٹ مارٹم کرنے کا عدالتی حکم جاری کرتے ہوئے وٹنری ڈاکٹر اور پولیس کو فوری کارروائی کی ہدایت دے دی ہے کے بکری پولیس تحویل میں کس سبب مر گئی ۔

درخواست گزار کی جانب سے دی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ چند روز قبل پولیس نے ہمارے گھروں پر چھاپے مار کر ہماری بکریاں اور مال مویشی تحویل میں لیے تھے پولیس کی تحویل میں ہماری بکری مر گئی ۔

عدالت نے معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے بکری کی موت کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے پوسٹ مارٹم رپورٹ طلب کر لی ہے۔

اس عدالتی فیصلے کے بعد شہریوں اور وکلاء برادری میں حیرت کی لہر دوڑ گئی ہے کیونکہ شاید یہ پہلا موقع ہے جب انصاف کے کٹہرے میں بکری بھی پہنچ گئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button