عمران خان کی جان کو خطرہ لاحق، سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے: علیمہ خان
راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو

راولپنڈی (ویب ڈیسک): پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے بھائی کی زندگی کو سنگین خطرات لاحق ہیں اور اس معاملے کو لے کر وہ جلد سپریم کورٹ سے رجوع کریں گی۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان اور ان کے بھانجے کو بے بنیاد مقدمات میں قید کیا گیا ہے اور اس وقت ان کی زندگی خطرے میں ہے۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے پارٹی کو سخت پیغام دیا ہے کہ ذاتی اختلافات کو ختم کریں اور تحریک کو منظم انداز میں آگے بڑھائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ وہ قوم کے مفاد میں مذاکرات کے لیے تیار ہیں لیکن کسی بھی ذاتی مفاہمت یا ڈیل کا حصہ نہیں بنیں گے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ عمران خان کو ذہنی و جسمانی طور پر کمزور کرنے کے لیے بشریٰ بی بی کے خلاف بھی کارروائیاں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو قید تنہائی میں رکھا گیا ہے، ان تک اخبارات اور ٹی وی کی رسائی بھی بند کر دی گئی ہے۔
علیمہ خان نے جیل انتظامیہ پر بھی شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جیل سپرنٹنڈنٹ جھوٹ بول رہا ہے، میرا بھائی سچ بولتا ہے۔ انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ پنجاب کی نگران حکومت کی جانب سے تعینات کردہ جیل افسر کو عمران خان پر دباؤ ڈالنے کے لیے بھیجا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم عمران خان کی زندگی کو لاحق خطرات کے خلاف جلد سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے تاکہ ان کے بنیادی حقوق کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔



