پی ٹی آئی کارکن صنم جاوید کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم

لاہور ہائیکورٹ کے تازہ فیصلے کے بعد صنم جاوید کی رہائی کی راہ ہموار ہو گئی ہے

لاہور (ویب ڈیسک): لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سوشل میڈیا کارکن صنم جاوید کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے درج کردہ مقدمے میں بعد از گرفتاری ضمانت دیتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس فاروق حیدر نے صنم جاوید کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے انہیں پانچ لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کی ہدایت کی۔ صنم جاوید نے اپنی رہائی کے لیے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ ایف آئی اے نے ان کے خلاف بے بنیاد مقدمہ درج کیا اور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے ان کی ضمانت کی درخواست بلاجواز مسترد کی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ مقدمے میں کوئی ٹھوس شواہد موجود نہیں اور محض سیاسی بنیادوں پر انہیں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ درخواست گزار نے استدعا کی تھی کہ اسے ضمانت پر رہا کیا جائے تاکہ وہ اپنی قانونی چارہ جوئی جاری رکھ سکے۔

یاد رہے کہ 21 مئی کو لاہور کی سیشن عدالت نے صنم جاوید کی بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تھی۔ ایڈیشنل سیشن جج سلیمان گھمن نے اپنے فیصلے میں ریاستی اداروں کے خلاف سوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد کی اشاعت کو سنجیدہ نوعیت کا جرم قرار دیا تھا۔

واضح رہے کہ صنم جاوید کو ایف آئی اے نے 27 اپریل کو ریاستی اداروں کے سربراہان کے خلاف مبینہ طور پر سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز پوسٹس کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ وہ اس سے قبل بھی مختلف مقدمات میں گرفتار رہ چکی ہیں۔

لاہور ہائیکورٹ کے تازہ فیصلے کے بعد صنم جاوید کی رہائی کی راہ ہموار ہو گئی ہے، جسے تحریک انصاف کی قیادت نے انصاف کی فتح قرار دیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button