اداکارہ نیرو باجوہ نے ہانیہ عامر کو ان فالو کر دیا
فلم کی پروموشنل پوسٹس بھی حذف

ممبئی (ویب ڈیسک): بھارتی پنجابی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ نیرو باجوہ نے اپنی نئی فلم ’سردار جی 3‘ میں شامل پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کو انسٹاگرام پر ان فالو کر دیا ہے، جب کہ فلم سے متعلق تمام پروموشنل پوسٹس بھی اپنے اکاؤنٹ سے ہٹا دی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ نیرو باجوہ پر انتہا پسند ہندو حلقوں کی جانب سے دباؤ بڑھ رہا ہے اور مبینہ طور پر انہیں دھمکیاں بھی دی جا رہی ہیں۔ اسی تناظر میں انہوں نے فلم میں اپنی پاکستانی ساتھی اداکارہ ہانیہ عامر سے خود کو سوشل میڈیا پر بھی الگ کر لیا ہے۔
دوسری جانب ہانیہ عامر تاحال نیرو باجوہ کو انسٹاگرام پر فالو کر رہی ہیں اور اس حوالے سے انہوں نے کسی ردعمل کا اظہار نہیں کیا۔
ذرائع کے مطابق فلم ’سردار جی 3‘ کی شوٹنگ پاک بھارت کشیدگی سے قبل مکمل کر لی گئی تھی، تاہم بعد ازاں جنگی ماحول کے سبب بھارتی انتہا پسندوں نے فلم سازوں سے مطالبہ کیا کہ ہانیہ عامر کو فلم سے نکالا جائے۔
فلم سازوں نے مطالبات مسترد کرتے ہوئے فلم کو بھارت کے علاوہ دنیا بھر میں ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا۔ ’سردار جی 3‘ آج 27 جون کو پاکستان سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں ریلیز کی جا رہی ہے۔ پاکستانی سینما گھروں میں فلم کی نمائش کے لیے سینسر بورڈ سے باقاعدہ منظوری حاصل کر لی گئی ہے۔



