وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے صوابدیدی فنڈز میں 10 گنا اضافہ

رواں مالی سال میں 50 کروڑ روپے خرچ

پشاور (ویب ڈیسک): خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے صوابدیدی فنڈز میں رواں مالی سال کے دوران غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

دستیاب سرکاری دستاویزات کے مطابق وزیراعلیٰ نے رواں مالی سال میں مختص پانچ کروڑ روپے کے بجائے پچاس کروڑ روپے خرچ کر ڈالے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق آئندہ مالی سال کے لیے بھی وزیراعلیٰ کے صوابدیدی فنڈز کی مد میں پچاس کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ موجودہ مالی سال کے آغاز میں وزیراعلیٰ کے لیے صرف پانچ کروڑ روپے کے صوابدیدی فنڈز کی منظوری دی گئی تھی تاہم اخراجات میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔

دستاویزات میں انکشاف کیا گیا ہے کہ صرف صوابدیدی فنڈز ہی نہیں بلکہ دیگر اخراجات میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ رواں مالی سال کے دوران تحائف اور تفریح کی مد میں گیارہ کروڑ روپے خرچ کیے گئے۔ اس مد میں وزیراعلیٰ نے آٹھ کروڑ پچاس لاکھ روپے اضافی خرچ کیے۔

اس کے علاوہ سروس چارجز کی مد میں وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ نے پندرہ کروڑ روپے اور سیکرٹ فنڈز کی مد میں بیس کروڑ روپے خرچ کیے۔ مجموعی طور پر وزیراعلیٰ کے دفتر سے ہونے والے غیر ترقیاتی اخراجات میں واضح اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

مالیاتی ماہرین اور سیاسی مبصرین نے ان اخراجات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب صوبائی حکومت کی جانب سے ان اضافی اخراجات پر تاحال کوئی وضاحت سامنے نہیں آئی۔

مزید خبریں

Back to top button