اسرائیلی وزیراعظم نے ایران کے ساتھ جنگ بندی کی تصدیق کردی
اسرائیلی حکومت کے مطابق فضائیہ نے تہران کی فضاؤں پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا

اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے خلاف جاری ’’آپریشن رائزنگ لائن‘‘ میں اسرائیل نے اپنے تمام مقررہ اہداف حاصل کر لیے ہیں، بلکہ توقعات سے بڑھ کر کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں۔
اسرائیلی حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نیتن یاہو نے گزشتہ شب کابینہ ارکان، وزیر دفاع اور موساد کے سربراہ کے ساتھ ایک اہم ملاقات کی، جس میں آپریشن کی کامیابی کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔
بیان کے مطابق اسرائیلی افواج نے ایران کے جوہری پروگرام اور بیلسٹک میزائل نظام سے لاحق ’’دوہری اور فوری خطرات‘‘ کا مؤثر طور پر خاتمہ کر دیا ہے۔
اسرائیلی حکومت کے مطابق فضائیہ نے تہران کی فضاؤں پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا، ایرانی عسکری قیادت کو بھاری نقصان پہنچایا گیا، جب کہ درجنوں حکومتی و فوجی اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔
مزید کہا گیا ہے کہ یہ تمام کارروائی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مکمل مشاورت اور ہم آہنگی کے ساتھ کی گئی، اور اسرائیل نے امریکا کی تجویز کردہ دو طرفہ جنگ بندی کو قبول کر لیا ہے۔ تاہم اسرائیلی حکومت نے خبردار کیا ہے کہ اگر جنگ بندی کی خلاف ورزی ہوئی تو اسرائیل ’’سخت اور فوری ردعمل‘‘ دے گا۔



