فیلڈمارشل عاصم منیر سے سنگاپور کے وزیر خارجہ کی ملاقات، علاقائی امن پر اتفاق،دفاعی روابط بڑھانے پرزور

راولپنڈی (جانو ڈاٹ پی کے)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا، جہاں ان کی چیف آف آرمی اسٹاف، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے اور عالمی سلامتی کی بدلتی ہوئی صورتحال اور پاکستان و سنگاپور کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی امن و استحکام سے متعلق امور پر بھی خیالات کا تبادلہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں مشترکہ مفادات کے شعبوں میں مسلسل رابطوں اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سنگاپور کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ جاتی روابط اور تعمیری بات چیت کا فروغ علاقائی امن، استحکام اور سلامتی کے لیے اہم ہے۔
سنگاپور کے وزیر خارجہ نے بھی دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا اور پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کیا۔



