ایمبولینس میں سلنڈر دھماکے کا معاملہ، پی پی ایچ آئی سندھ نے تین افسران معطل کردیے

تھرپارکر(جانو ڈاٹ پی کے)پی پی ایچ آئی سندھ نے تھرپارکر میں ایمبولینس کے معاملے پر کارروائی کرتے ہوئے تین افسران کو فوری طور پر معطل کردیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق چیف ایگزیکٹو آفیسر کی منظوری کے بعد تینوں افسران کی معطلی کے احکامات جاری کیے گئے، جن پر سینئر منیجر ہیومن ریسورسز عائشہ شیخ کے دستخط ہیں۔
معطل کیے جانے والوں میں ڈسٹرکٹ منیجر تھرپارکر بی صوبیدار شاہانی، ایگزیکٹو مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن ظہیر حسین بابر اور سوشل آرگنائزر پرکاش راٹھوڑ شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تینوں افسران کو فوری طور پر معطل کرکے تاحکمِ ثانی ان کے عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔ معطلی کے دوران انہیں پی پی ایچ آئی کے ریجنل آفس میرپورخاص میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل ننگرپارکر کے شہر ڈانو داندھل کے اسپتال میں کھڑی ایمبولینس میں گیس سلنڈر پھٹنے سے آگ لگ گئی تھی، جس کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔



