ڈاکٹرممتاز چانڈیو نے ڈی ایچ او بدین کاچارج سنبھال لیا،صحت کی سہولیات میں بہتری اورپولیومہم پرخصوصی توجہ دینے کااعلان

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ/ پی کے)ڈاکٹر ممتاز چانڈیو کو ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) بدین مقرر کر دیا گیا ہے، جنہوں نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالتے ہی سرکاری امور کی انجام دہی اور ضلع میں صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے کام شروع کر دیا ہے چارج سنبھالنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ممتاز چانڈیو نے کہا کہ بدین ضلع میں صحت کے شعبے میں بہتری لانا ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی، صحت کے اداروں کی کارکردگی میں بہتری اور صحت عامہ سے متعلق سرگرمیوں کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کے لیے بھرپور توجہ دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے جاری مہم پر خصوصی توجہ دی جائے گی اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ عملے کی ذمہ داریوں کو اہمیت دی جائے گی۔ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے، مہم کے دوران مقررہ اہداف کے حصول اور عوام میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ضروری ہے تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو سے بچاؤ کے قطروں سے محروم نہ رہے ڈاکٹر ممتاز چانڈیو نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صحت کے شعبے سے وابستہ عملے کے تعاون سے ضلع میں طبی سہولیات کی بہتری کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی انہوں نے صحت عامہ کے معاملات میں متعلقہ اداروں اور عملے کے کردار کو بھی اہم قرار دیا اس موقع پر شہریوں، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور محکمہ صحت کے اسٹاف کے ساتھیوں نے ڈاکٹر ممتاز چانڈیو کو ڈی ایچ او بدین کا عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی۔ شرکاء نے انہیں اجرک اور سندھی ٹوپی کے تحائف پیش کرکے سندھ کی روایتی ثقافت کے مطابق ان کا استقبال کیا ڈاکٹر ممتاز چانڈیو کی تعیناتی اور چارج سنبھالنے کے موقع پر موجود افراد نے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کی سربراہی میں ضلع بدین میں صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے اور پولیو سمیت دیگر عوامی صحت کے مسائل پر توجہ دینے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے



