بھارتی جیلوں سے 8 سے 9 سال بعد 12 پاکستانی ماہی گیر رہا، ایدھی فاؤنڈیشن کے حوالے

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی جیلوں سے طویل قید کے بعد رہائی پانے والے 12 پاکستانی ماہی گیروں کو رینجرز حکام نے ایدھی فاؤنڈیشن لاہور کے حوالے کر دیا، جہاں سے انہیں ضروری سہولیات فراہم کرنے کے بعد کراچی روانہ کر دیا گیا۔

ترجمان ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق رہائی پانے والے پاکستانی ماہی گیروں نے بھارتی جیلوں میں 8 سے 9 سال قید کاٹی۔ انہیں سمندری حدود کی خلاف ورزی کے الزام میں گرفتار کرکے جیلوں میں رکھا گیا تھا۔

ترجمان کے مطابق رہا ہونے والے ماہی گیروں میں محبوب علی، نورالامین، بشیر جاوید، سید غلام مرتضیٰ، کریم، اعظم الدین، نور نبی، امیر حسین بنگالی، کمال حسین شاہ، شریف، احمد نور اور عبدالرحمن شامل ہیں۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ چیئرمین فیصل ایدھی کی ہدایات پر تمام ماہی گیروں کو خصوصی گاڑیوں کے ذریعے لاہور سے کراچی روانہ کیا گیا۔

فاؤنڈیشن کی جانب سے ماہی گیروں کو سفر کے اخراجات، کھانے پینے اور دیگر ضروری سہولیات بھی فراہم کی گئیں تاکہ وہ بحفاظت اپنے آبائی علاقوں تک پہنچ سکیں۔

مزید خبریں

Back to top button