مریم نواز سے لاہور چیمبر کے نو منتخب صدر کی ملاقات، تاجروں کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نو منتخب صدر علی حسام اصغر نے ملاقات کی، جس میں تاجر برادری کی فلاح و بہبود، صنعتی ترقی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں خواجہ شاہزیب اکرم اور خواجہ وسیم افضل بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے علی حسام اصغر کو لاہور چیمبر کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

اس موقع پر لاہور چیمبر کے وفد نے کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حل اور پنجاب میں صنعتی ترقی کے فروغ کے لیے مختلف تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے قابلِ عمل تجاویز پر عمل درآمد کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری کے مسائل حل کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کو کاروبار دوست صوبہ بنانے کے لیے ڈیجیٹلائزیشن کا عمل تیزی سے جاری ہے۔

مریم نواز کے مطابق تاجروں، صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ای بز متعارف کرایا گیا ہے، جبکہ صنعتی ترقی کی راہ میں حائل سرخ فیتے کی رکاوٹیں دور کی جا رہی ہیں۔

لاہور چیمبر کے وفد نے وزیراعلیٰ پنجاب کے اقدامات کو سراہا۔ صدر علی حسام اصغر نے امن و امان کے قیام کے لیے مریم نواز کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ اور ان کی ٹیم پنجاب میں کارکردگی دکھا رہی ہے۔

خواجہ شاہزیب اکرم نے بھی وزیراعلیٰ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مریم نواز شریف دن رات محنت کرکے پنجاب کو ایک مثالی صوبہ بنانے کے لیے کام کر رہی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button