لاہور ہائیکورٹ کا بیرونِ ملک مقیم والد کو فی بچہ 30 ہزار روپے ماہانہ نان و نفقہ ادا کرنے کا حکم

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) لاہور ہائیکورٹ نے بیرونِ ملک مقیم والد کو بچوں کی کفالت کے لیے فی بچہ ماہانہ 30 ہزار روپے نان و نفقہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے صائقہ کی درخواست پر فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا کہ والدین کی علیحدگی یا شادی ختم ہونے سے بچوں کی کفالت کی ذمہ داری ختم نہیں ہوتی۔

عدالت نے بچوں کا ماہانہ نان و نفقہ 20 ہزار روپے سے بڑھا کر 30 ہزار روپے فی بچہ مقرر کرنے کا حکم دیا۔ فیصلے میں واضح کیا گیا کہ والد کی محدود آمدن بچوں کی کفالت کی ذمہ داری سے بری ہونے کا جواز نہیں بن سکتی، جبکہ نان و نفقہ کا تعین والد کی مالی حیثیت اور بچوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جانا چاہیے۔

عدالت نے قرار دیا کہ والد کی حقیقی آمدن اور کام کی نوعیت کا تعین دستیاب شواہد کی روشنی میں کیا جائے۔ فیصلے میں برطانوی حکومت کی سرکاری ویب سائٹ پر مقرر کردہ کم از کم اجرت کا حوالہ بھی دیا گیا۔

عدالتی فیصلے کے مطابق بچوں کے نان و نفقہ میں سالانہ 10 فیصد اضافے کا اطلاق نومبر 2019 سے شمار کیا جائے گا۔

درخواست گزار صائقہ کی زاہد اقبال سے شادی 2010 میں ہوئی تھی۔ عدالت نے فیصلے میں بچوں کی کفالت کی ذمہ داریوں اور نان و نفقہ کے تعین سے متعلق اصول بھی واضح کیے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button