عمران خان اور دیگر سیاسی جماعتوں کے لیے اچھے دن نظر نہیں آ رہے، منظور وسان

کراچی (جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے سینئر رہنما منظور وسان نے کہا ہے کہ موجودہ سیاسی حالات میں انہیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور دیگر سیاسی جماعتوں کے لیے اچھے دن نظر نہیں آ رہے، جبکہ جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کی احتجاجی تحریک کے امکانات بھی دکھائی نہیں دے رہے۔

پارٹی کارکنان اور دیگر افراد سے ملاقات کے دوران مختلف سیاسی امور پر گفتگو کرتے ہوئے منظور وسان نے کہا کہ اگر جے یو آئی نے احتجاجی تحریک چلانی ہوتی تو اب تک شروع کر چکی ہوتی۔ ان کے بقول، فی الحال انہیں ایسی کسی تحریک کے آثار نظر نہیں آ رہے، تاہم مستقبل میں صورتِ حال تبدیل ہو سکتی ہے۔

منظور وسان نے کہا کہ انہیں توقع نہیں تھی کہ عمران خان اور ان کی جماعت اتنی جلدی نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کا اعلان کر دیں گے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ سندھ کی اپنی تاریخ اور شناخت ہے، اس لیے اسے دوسرے صوبوں کے ساتھ ملا کر نہیں دیکھا جا سکتا۔

پیپلز پارٹی رہنما کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام اور صوبائی اسمبلی نئے صوبوں کے قیام کی تجویز مسترد کر چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبوں کے نام تبدیل کرنا ملک کے لیے فائدہ مند نہیں ہوگا۔

خیبرپختونخوا میں گورنر راج سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے منظور وسان نے کہا کہ صوبے کے گورنر کا تعلق پیپلز پارٹی سے ہے، تاہم گورنر راج نافذ کرنے کا فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف نے کیا۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیٹرول مہنگا ہونے سے اشیائے خورونوش سمیت دیگر ضروری اشیا کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ پیٹرول پر عائد لیوی ختم کرکے عوام کو ریلیف فراہم کرے۔

مزید خبریں

Back to top button