بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3، کیچ میں فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک

کوئٹہ(جانوڈاٹ پی کے) بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، ضلع کیچ کے علاقے میناز میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کیے گئے آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق بولیدہ کے علاقے میناز میں دہشت گردوں نے 2 خواتین کو اپنے ہمراہ لے جاتے ہوئے ناکہ بندی کی کوشش کی۔ اس دوران سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے فرار ہونے والے دہشت گردوں کا تعاقب کیا، جس پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الہندوستان کا ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا، جبکہ اس کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کی تلاش اور خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کی صورتِ حال بہتر بنانے کے لیے کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔



