شوگر کریونگز (Sugar Cravings)پر قابو پانے کے جادوئی طریقے!

راجہ نوید
کیا آپ نے کبھی غور کیا کہ جب شام کا اداس سماء اترتا ہے یا دفتر میں کام کا بوجھ دماغ کی رگیں کھینچنے لگتا ہے، تو اچانک ایک ناقابلِ مزاحمت لہر اٹھتی ہے؟ دل کہتا ہے بس کہیں سے گرما گرم جلیبی، چاکلیٹ کا کوئی بڑا سا ٹکڑا یا چینی میں ڈوبی ہوئی کوئی بھی چیز ہاتھ آ جائے اور بندہ دنیا و ماہا سے بے نیاز ہو کر بیٹھ جائے۔ یہ محض پیٹ کی بھوک نہیں ہوتی، بلکہ یہ وہ خطرناک "شوگر کریونگ” ہے جو اچھے اچھے پرہیزگاروں کے ارادے ڈگمگا دیتی ہے۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آخر یہ میٹھے کی ہوس دماغ کو کیوں غلام بنا لیتی ہے اور اس شیطانی چکّر سے باہر نکلنے کا کوئی سائنسی اور آسان طریقہ بھی ہے یا نہیں؟
ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ خون میں شکر کی سطح کا اچانک اوپر نیچے ہونا اس ساری کہانی کا اصل ولن ہے۔ جب آپ جلدی میں الٹی سیدھی اور پراسیسڈ غذائیں کھاتے ہیں، تو جسم میں انسولین کا طوفان اٹھتا ہے اور پھر یکدم شوگر لیول زمین بوس ہو جاتا ہے۔ یہی وہ لمحہ ہوتا ہے جب دماغ ہنگامی بنیادوں پر فوری توانائی یعنی "گلوکوز” کا مطالبہ کرتا ہے اور آپ کو میٹھے کی طرف کھینچتا ہے۔ اس گندے کھیل کو روکنے کا پہلا گر یہ ہے کہ اپنی پلیٹ کو متوازن بنائیں۔ پروٹین، صحت بخش چکنائی اور پیچیدہ کاربوہائیڈریٹس کا ایسا امتزاج جو ہاضمے کی رفتار کو سست کر دے اور خون میں شوگر کو ایک طویل عرصے تک مستحکم رکھے۔ وقت پر کھانا اور ریفائنڈ چیزوں کے بجائے دالوں، ہول گرینز اور ہری سبزیوں کا انتخاب وہ ڈھال ہے جو آپ کو اس ہوس سے محفوظ رکھتی ہے۔
لیکن اگر اس کے باوجود بھی میٹھے کا جن سر پر سوار ہو ہی جائے، تو اندھا دھند بازاری مٹھائیوں پر ٹوٹ پڑنے کے بجائے "سمارٹ” متبادل کی طرف جائیے۔ قدرت نے ہمیں پھلوں کی صورت میں ایسا خزانہ دیا ہے جس میں قدرتی مٹھاس کے ساتھ فائبر بھی ہوتا ہے—جیسے بیریز، سیب یا رسیلے پھل، جو شوگر کو یکدم بڑھنے نہیں دیتے اور طلب بھی مٹا دیتے ہیں۔ اگر دل ڈارک چاکلیٹ کی طرف مائل ہو تو کم از کم ستر فیصد کوکو والی ڈارک چاکلیٹ کا ایک چھوٹا ٹکڑا منہ میں رکھ لیجیے، جو دل اور دماغ دونوں کو تسکین بھی دے گا اور نقصان بھی نہیں پہنچائے گا۔
اصل قصہ تو تب کھلتا ہے جب ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ بہت سی بار شوگر کریونگ کا تعلق پیٹ سے نہیں بلکہ دماغ کے نچلے حصوں یعنی جذبات اور تھکن سے ہوتا ہے۔ جب انسان بوریت، ڈپریشن، ذہنی دباؤ یا شدید تھکن کا شکار ہوتا ہے، تو جسم فوراً "کمفرٹ فوڈ” کی بھیک مانگتا ہے تاکہ عارضی طور پر ڈوپامین کا انجکشن مل سکے۔ اس نفسیاتی جال سے نکلنے کا واحد راستہ یہ ہے کہ کھانے سے پہلے خود سے سوال کریں کہ کیا واقعی بھوک لگی ہے یا یہ صرف تناؤ کا عذاب ہے؟ گہرے سانس لینے کی مشقیں، ہلکی پھلکی چہل قدمی اور ورزش کو معمول بنانا وہ ہتھیار ہیں جو جسمانی ہارمونز کو قابو میں رکھتے ہیں اور آپ کو شوگر کے اس نشے سے نجات دلاتے ہیں۔



