گووندا نے اہلیہ سنیتا آہوجا کو اپنی خوش قسمتی قرار دے دیا

ممبئی (جانو ڈاٹ پی کے)بالی ووڈ اداکار گووندا نے اہلیہ سنیتا آہوجا کی جانب سے بے وفائی کے الزامات کے بعد اپنا مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی اہلیہ کی عزت اور ساکھ کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 62 سالہ اداکار نے اداکارہ کومل رانی سوارنکر کے ساتھ مبینہ تعلقات سے متعلق تنازع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سنیتا آہوجا ان کے لیے خوش قسمتی کا باعث ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کوئی شخص ان کی اہلیہ کو گمراہ کرکے ان پر اثرانداز ہو رہا ہے۔
میڈیا سے خصوصی گفتگو میں گووندا نے کہا کہ وہ لوگوں کی باتوں پر زیادہ توجہ نہیں دیتے، کیونکہ ان کے خیال میں یہ ایک ایسا مرحلہ ہے جس سے وہ گزر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ خواتین کے ردِعمل پر اعتراض نہیں کرتے اور خاموش رہتے ہوئے احترام کا دامن نہیں چھوڑتے۔
اداکار نے مزید کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ تنازع ختم ہونے کے بعد بھی اس کے زخم باقی رہ سکتے ہیں۔ اسی لیے وہ اپنے طرزِعمل سے متعلق غیر ضروری شبہات پیدا نہیں کرنا چاہتے اور اپنی اہلیہ کی ساکھ کو نقصان پہنچانے سے گریز کریں گے۔



