کراچی میں بین الاقوامی منشیات نیٹ ورک بے نقاب، میاں بیوی گرفتار، آسٹریلیا تک سپلائی کا انکشاف

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے)کراچی میں ایسٹ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ بین الاقوامی منشیات سپلائی نیٹ ورک سے تعلق رکھنے والے میاں بیوی کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان منشیات کو مہارت سے چپلوں میں چھپا کر منتقل کرتے تھے اور اسے آسٹریلیا بھیجنے کا انتظام کرتے تھے۔

ترجمان ایسٹ پولیس کے مطابق ڈی آئی جی ایسٹ زون اور ایس ایس پی ایسٹ کی ہدایات پر ایس ڈی پی او سہراب گوٹھ اور ایس ایچ او سائٹ سپر ہائی وے کی نگرانی میں نیو سبزی منڈی چوکی پولیس نے خفیہ اطلاع پر چاکر ہوٹل کے قریب کارروائی کی۔

کارروائی کے دوران گرفتار ملزمان کے بیگ کی تلاشی لی گئی تو 14 چپلوں میں مہارت سے چھپائی گئی منشیات، جسے پولیس نے تھرا قرار دیا، اور چرس کے دو پیکٹ برآمد ہوئے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت علی رضا ولد صفدر علی اور مریم زوجہ علی رضا کے نام سے ہوئی ہے۔ ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے مبینہ طور پر بتایا کہ وہ کوئٹہ سے شعیب نامی شخص کے ذریعے بسوں میں منشیات کراچی منگواتے تھے۔ کراچی پہنچنے پر علی رضا اپنی اہلیہ کے ہمراہ منشیات وصول کرتا اور اسے آسٹریلیا بھجوانے کا انتظام کرتا تھا۔

پولیس کے مطابق آسٹریلیا میں موجود نیٹ ورک کا مبینہ مرکزی سرغنہ منشیات وصول کرکے فروخت کرتا تھا، جبکہ فروخت سے حاصل ہونے والی رقم پاکستان میں موجود کارندوں کو منتقل کی جاتی تھی۔

گرفتار میاں بیوی کے خلاف کنٹرول آف نارکوٹکس سبسٹینس ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نیٹ ورک کے دیگر کارندوں کی گرفتاری اور اس کے مزید روابط کا پتا لگانے کے لیے تفتیش اور کارروائیاں جاری ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button