گورنر راج کے بعد پی ٹی آئی کا وفاق سے پہلا رابطہ، علی امین گنڈاپور کو مذاکرات کا مینڈیٹ مل گیا

پشاور (جانوڈاٹ پی کے) خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے وفاقی حکومت سے پہلا رابطہ کرلیا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے پارلیمانی پارٹی کی ہدایات پر وفاقی حکام سے رابطہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 20 اکتوبر کو ہونے والے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں علی امین گنڈاپور کو وفاقی حکومت سے مذاکرات کرنے کا مینڈیٹ دیا گیا تھا۔ اسی فیصلے کی روشنی میں انہوں نے وفاق کی مذاکراتی ٹیم میں شامل دو اہم وزرا سے رابطہ کیا ہے، جن سے گورنر راج کے نفاذ سے قبل بھی بات چیت جاری تھی۔

پارٹی ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے سہیل آفریدی کی حکومت کی بحالی اور گرفتار کارکنوں کی رہائی کو مذاکرات میں اولین ترجیحات قرار دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 11 اکتوبر کو خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کے بعد پی ٹی آئی اور وفاقی حکومت کے درمیان رابطے منقطع ہوگئے تھے۔ اب علی امین گنڈاپور کے ذریعے ہونے والے رابطے کو دونوں فریقوں کے درمیان بات چیت کے دوبارہ آغاز کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ تاہم مذاکرات کے باضابطہ آغاز اور آئندہ پیش رفت سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button