صادق آباد میں 4 سالہ بچے پر تشدد کا کیس، ملزمہ ماں نیلم لاہور سے گرفتار

صادق آباد+لاہور(جانوڈاٹ پی کے) چار سالہ بچے کو مبینہ طور پر لاتوں، ڈنڈوں اور تیز دھار آلے سے تشدد کا نشانہ بنانے والی ملزمہ ماں نیلم کو لاہور سے گرفتار کر لیا گیا۔

ڈی پی او عرفان علی سموں کے مطابق پولیس ٹیم نے لاہور کے علاقے ہجویری میں چھاپہ مار کر ملزمہ کو گرفتار کیا۔ ملزمہ کی گرفتاری کے لیے پولیس کی دو ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں، جو گزشتہ تین روز سے اس کی تلاش میں مصروف تھیں۔

پولیس حکام کے مطابق صادق آباد کی نور کالونی میں ملزمہ نیلم نے اپنے چار سالہ بچے کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ بچے پر تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بچے کو حفاظتی تحویل میں لے لیا تھا۔

ڈی پی او عرفان علی سموں نے بتایا کہ سٹی پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزمہ کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں شروع کیں۔ مسلسل تعاقب کے بعد پولیس ملزمہ کو لاہور سے گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئی۔

پولیس کے مطابق ملزمہ کو صادق آباد منتقل کیا جا رہا ہے، جہاں اسے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ ڈی پی او نے ملزمہ کی گرفتاری پر پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔

مزید خبریں

Back to top button