ٹرمپ کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے دکھانے والی طنزیہ آرٹ تنصیب،امریکا پرتنقید

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق تہران کے شمالی علاقے میں واقع تجریش اسکوائر پر نصب اس تنصیب میں ایک اداکار ٹرمپ کا روپ دھارے مصنوعی جیل کی کوٹھڑی میں چہل قدمی کرتا اور بیٹھتا دکھائی دیتا ہے۔
بل بورڈ کے انداز میں تیار کی گئی اس تنصیب پر درج عبارت میں کہا گیا ہے کہ ’’یہ منظر نہ دیکھنا ایک جرم ہے۔‘‘ تنصیب کے ساتھ موجود دیگر پیغامات میں ایران کے جنوبی قصبے سرکیک میں ستمبر کے اوائل میں شادی کی تقریب پر ہونے والے امریکی حملے کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ فن پارہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان کشیدگی کی عکاسی کرتا ہے اور امریکی صدر کو جیل میں دکھا کر طنزیہ انداز میں پیغام دیتا ہے۔
تہران کی 30 سالہ رہائشی فرزانہ عرب زادہ نے امید ظاہر کی کہ تنصیب میں دکھایا گیا منظر ایک دن حقیقت بن جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ نے ایران پر حملہ کرکے جنگ شروع کی، جس کے باعث ایرانی عوام کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔



