سکھرمیں سندھ ویژن کانفرنس کی تیاریاں تیز،شرجیل میمن کی انتظامی امور مؤثر بنانے کی ہدایت

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ اطلاعات کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سکھر میں سندھ ویژن کانفرنس کی تیاریوں اور انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔ شرجیل انعام میمن نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کانفرنس کے تمام انتظامات مؤثر انداز میں مکمل کیے جائیں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ کانفرنس میں ملک بھر سے معروف صحافیوں، سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات کی شرکت متوقع ہے، جبکہ شرکا کو سندھ حکومت کے مختلف منصوبوں سے آگاہ کیا جائے گا۔

اجلاس کے دوران صحافیوں اور صحافتی اداروں کو درپیش مسائل، صحافتی شعبے کی بہتری، میڈیا سے متعلق معاملات اور محکمہ اطلاعات کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت صحافت کے فروغ، آزادیٔ اظہار کے تحفظ اور صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صحافی معاشرے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور صحافیوں و صحافتی اداروں کے مسائل کا حل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

سینئر وزیر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ صحافیوں اور میڈیا اداروں سے متعلق معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

اجلاس میں سیکرٹری اطلاعات کاشف گلزار شیخ، ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ محمد یوسف کابورو، ڈپٹی ڈائریکٹر سارنگ لطیف چانڈیو اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

مزید خبریں

Back to top button