روسی ایمرجنسی وفد کا پنجاب ریسکیو ہیڈکوارٹرز کا دورہ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) روس کی وزارتِ ایمرجنسی و ڈیزاسٹر کے اعلیٰ سطحی وفد نے پنجاب ایمرجنسی سروسز ہیڈکوارٹرز اور اکیڈمی کا دورہ کیا، جہاں وفد نے سیکرٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر سے ملاقات کی اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے نظام پر تبادلۂ خیال کیا۔
ترجمان ریسکیو کے مطابق ڈاکٹر رضوان نصیر نے روسی وفد کو پنجاب ایمرجنسی سروس کے جامع نظام، آپریشنل صلاحیتوں اور مختلف خدمات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ ملاقات میں ہنگامی حالات سے نمٹنے، ادارہ جاتی تعاون اور پیشہ ورانہ تجربات کے تبادلے پر گفتگو ہوئی۔
روسی وفد کو صوبائی ایمرجنسی آپریشنز سنٹر میں کال ڈسپیچ، امدادی کارروائیوں کے ردعمل، ڈیٹا مینجمنٹ، افرادی قوت اور ایمرجنسی گاڑیوں کے انتظامی نظام سے بھی آگاہ کیا گیا۔
وفد کے ارکان نے پنجاب ایمرجنسی سروس کے آپریشنل نظام، آفات سے نمٹنے کی صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ تربیتی سرگرمیوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر روسی وفد کے سربراہ اور ڈائریکٹر شعبہ بین الاقوامی تعاون ملنک دمیتری نکولائیوچ نے کہا کہ 2005 کے تباہ کن زلزلے کے دوران پاکستان میں روسی امدادی کارکنوں کی سرگرمیاں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی اہم مثال ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کی مدد اور پیشہ ورانہ یکجہتی پاک روس تعاون کی بنیاد ہیں۔ تجربات اور تربیت کے تبادلے کے ذریعے ہنگامی حالات سے نمٹنے کی صلاحیتوں اور باہمی تعاون کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔
دورے کے اختتام پر روسی وفد کے سربراہ نے مہمان نوازی اور پیشہ ورانہ تبادلۂ خیال پر پاکستانی حکام کا شکریہ ادا کیا۔
ترجمان ریسکیو کے مطابق وفد میں ملنک دمیتری نکولائیوچ، بولیگین ایلیا نکولائیوچ، دوروتیوک انتون الیگزینڈرووچ اور کارپیوک دمیتری شامل تھے، جن کا تعلق روس کے بین الاقوامی تعاون، ریسکیو یونٹس، تعلیمی و تکنیکی سرگرمیوں اور قومی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے شعبوں سے ہے۔



