اسحاق ڈار کی تمام صوبوں میں گندم کی وافر دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ملک کے تمام صوبوں میں گندم کی وافر دستیابی یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ انہوں نے صارفین کو مارکیٹ میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ سے محفوظ رکھنے کے لیے مؤثر انتظامات پر بھی زور دیا۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت گندم کی درآمد سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک میں گندم کے موجودہ ذخائر، متوقع طلب، رسد کے نظام اور سپلائی چین کے طریقہ کار کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ گندم کی دستیابی برقرار رکھنے کے لیے وفاقی اور صوبائی اداروں کے درمیان رابطے اور تعاون کو مزید مؤثر بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ضرورت کے مطابق گندم کی درآمد کے طریقہ کار کو آسان اور مؤثر بنایا جائے تاکہ ملک میں طلب کے مطابق رسد برقرار رہے اور صارفین کو قیمتوں میں غیر ضروری اتار چڑھاؤ سے بچایا جا سکے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ، وزیر خوراک سندھ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ وزیراعظم کے زراعت و غذائی تحفظ سے متعلق کوآرڈینیٹر، قومی غذائی تحفظ، تجارت اور قانون و انصاف کے سیکریٹریز بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

اس کے علاوہ صوبوں، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور متعلقہ وفاقی وزارتوں و محکموں کے سینئر حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

مزید خبریں

Back to top button