وزیر داخلہ کی لائبہ کے گھر آمد، والد سے اظہار ہمدری، لوٹی گئی 50 لاکھ روپے سے زائد رقم واپس

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ گولڈ میڈلسٹ طالبہ لائبہ اعجاز کے گھر پہنچے، جہاں انہوں نے ان کے والد رانا اعجاز سے ملاقات کی اور جعلسازی کے ذریعے لوٹی گئی رقم واپس کر دی۔

ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ نے لائبہ کے والد کو 50 لاکھ روپے سے زائد رقم حوالے کی، جبکہ باقی رقم کی واپسی کی بھی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد پولیس سہیل چوہدری بھی موجود تھے۔

دوسری جانب آئی جی اسلام آباد سہیل چوہدری نے بھی لائبہ اعجاز کے گھر پہنچ کر ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

عوام کی حمایت سے سکون ملتا ہے: والد لائبہ اعجاز

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا اعجاز نے وزیر داخلہ سمیت تمام متعلقہ افراد کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کو وہ کبھی فراموش نہیں کر سکتے، تاہم پاکستانی عوام کی حمایت سے انہیں سکون ملتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی بیٹی بیرون ملک جانا چاہتی تھی اور ملک کی خدمت کرنے کی خواہش رکھتی تھی۔ رانا اعجاز کے مطابق اسلام آباد پولیس کی جانب سے انہیں مسلسل حوصلہ دیا گیا ہے۔

لائبہ کے والد نے مزید بتایا کہ انہیں آگاہ کیا گیا ہے کہ ملزم کے خلاف مزید فراڈ کے مقدمات سامنے آئے ہیں اور ملزم نے مانسہرہ میں بھی لڑکیوں سے رقم وصول کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی رقم واپس کر دی گئی ہے۔

ملزم نے 21 افراد کو وزارت دفاع کے جعلی تقرری نامے دیے

ذرائع کے مطابق لائبہ اعجاز کے معاملے کی تحقیقات کے دوران ملزم نعمان سے 21 جعلی اپوائنٹمنٹ لیٹر برآمد ہوئے، جو مبینہ طور پر وزارت دفاع میں ملازمت دلوانے کے لیے مختلف افراد کو دیے گئے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم نے ان تقرری ناموں کے عوض 21 افراد سے رقم وصول کی، جبکہ اپنے چار کزنوں کو بھی مبینہ طور پر جعلی اپوائنٹمنٹ لیٹر جاری کیے۔

واقعے کے بعد تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے اور ملزم کے خلاف سامنے آنے والے دیگر مبینہ فراڈ کے معاملات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button