ایل پی جی کی زائد قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی،علی پرویز ملک

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیرپیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ توانائی کی قیمتوں سے متعلق غیر معمولی حالات سے گزر رہے ہیں، پیٹرول کی طرح ایل پی جی کی قیمت میں بھی شفافیت لائیں گے۔
وزیرپیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ اللہ فیلڈ مارشل اور وزیرداخلہ کی کاوشوں میں کامیابی عطا کرے وہاں سے ہی مستقل حل نکلے گا۔
وزیرپیٹرولیم نے کہا ملک میں ایل پی جی کی کھپت یومیہ ساڑھے چھ سات ہزار ٹن کی ہے، دو ڈھائی ہزار ٹن مقامی اور باقی ایل پی جی جی باہر سے منگوائی جاتی ہے، ایل پی جی کی قیمت سے متعلق جلد حکومتی سرگرمیاں نظر آئیں گی، ایل پی جی کی قیمت 400 سے 425 روپے فی کلو کے درمیان ہونی چاہیے۔
علی پرویز ملک نے کہا ایل پی جی کی زیادہ قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی، ایل پی جی کی زیادہ قیمت لینے والوں کے علاج کی پوری تیاری ہوچکی ہے، حکومت ایل پی جی امپورٹ کرکے سسٹم میں لائے گی، دو تین دن میں ایل پی جی کی قیمتوں سے متعلق بہتری آنا شروع ہوجائے گی۔
علی پرویز ملک بولے اسٹے لےکر چند لوگ گدھ کی طرح بیٹھے ہوئے ہیں اور عوام خون چوس رہے ہیں، مارکیٹ اور ایل پی جی کی مقامی قیمت کا فرق 30 ارب روپے آرہا ہے، 30ارب روپے کا فرق ہے اور وہ لوگ کتنے ہیں یہ بھی سب کو پتا ہےکن کے پاس لائسنس ہے ۔
علی پرویز کا کہنا تھا ستمبر تک ہم نے ان کو وارننگ دی ہوئی تھی آج بھی گزارش ہے کہ جائز قیمت پر ایل پی جی مہیا کریں، وزیر اعطم نے اٹارنی جنرل کی ڈیوٹی لگائی ہے چند کیسز رہ گئے ان میں بھی اسٹے ختم کرائیں گے، ایک ہزار ایم ایم سی ایف ڈی گیس قطر سے آتی تھی، ہرمز کی صورتحال سامنے ہے، تمام مشکلات کے باوجود قطر نے ہمیں 30 ڈالر کے بجائے 12 ، 13 ڈالر پر گیس ہمیں دی ہے۔
وزیر پیٹرولیم نے کہا سردیوں میں عوام کو گیس کی فراہمی کے لیے حکمت عملی بنا لی ہے، حکومت نے نومبر سے فروری تک گیس کی فراہمی سے متعلق حکمت عملی بنا لی ہے، کوشش ہوگی کہ کھانے کی تیاری کے لیے تینوں اوقات میں گیس عوام کو فراہم ہوتی رہے، فیول سبسڈی کے لیے بجٹ رکھا گیا ہے ابھی اس میں کافی گنجائش موجود ہے۔



