کراچی میں معروف برانڈز کی 5 ادویات جعلی قرار، استعمال جان لیوا ثابت ہونے کا خدشہ

ڈریپ کے مطابق ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کراچی نے مذکورہ ادویات کے نمونوں کی جانچ کے بعد انہیں جعلی قرار دیا۔ یہ ادویات معدے کی جلن، سینے، ناک، گلے اور گردوں کے انفیکشن، نمونیے، الرجی اور پٹھوں کی سوزش سمیت مختلف امراض کے علاج کے لیے استعمال ہوتی ہیں۔
ڈریپ الرٹ کے مطابق معدے کی جلن کے لیے استعمال ہونے والے معروف میوکین سیرپ کا ایک بیچ جعلی پایا گیا۔ اسی طرح اینٹی بائیوٹک آگمنٹین ٹیبلٹس اور ویلوسیف کیپسول کے مخصوص بیچز بھی جعلی قرار دیے گئے ہیں۔
الرٹ میں اینٹی الرجک نیزل اسپرے نیزومٹ کے بیچ نمبر FW 099 اور پٹھوں کی سوزش کے لیے استعمال ہونے والی دوا نوسپا فورٹ 80 ملی گرام کے بیچ نمبر AN010 کو بھی جعلی قرار دیا گیا ہے۔
ڈریپ کا کہنا ہے کہ یہ ادویات قومی اور بین الاقوامی دوا ساز کمپنیوں کے معروف برانڈز کے ناموں پر تیار کی گئی تھیں، جبکہ پانچوں ادویات کے نمونوں میں خام مال کی تصدیق نہیں ہوسکی۔
اتھارٹی کے مطابق مذکورہ ادویات غیر قانونی طور پر تیار کرکے مارکیٹ میں سپلائی کی گئیں۔ ان کے معیار اور افادیت کا تعین نہیں ہوسکا، جبکہ ان کا استعمال مریضوں کی صحت کے لیے سنگین خطرہ اور جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے۔
ڈریپ نے صوبائی ڈرگ حکام اور فیلڈ فورس کو ہدایت کی ہے کہ جعلی قرار دیے گئے متعلقہ بیچز کو فوری طور پر مارکیٹ سے ضبط کیا جائے اور ان کی فروخت و سپلائی روکنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔



