ملتان: یتیم نوجوان وسیم عباس کی ہلاکت کا معاملہ، یتیم خانے کی انتظامیہ سے پوچھ گچھ شروع

ملتان (جانوڈاٹ پی کے)ملتان میں گاڑی تلے کچلے جانے سے یتیم نوجوان وسیم عباس کی ہلاکت کے واقعے کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے۔ آر پی او ملتان آفس نے یتیم خانے کی انتظامیہ کو ریکارڈ سمیت طلب کرلیا ہے، جبکہ ذمہ داران سے پوچھ گچھ جاری ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لینے کے لیے یتیم خانے کی تمام انتظامیہ کو بھی تحقیقات میں شامل کرلیا گیا ہے۔ حکام نے متعلقہ ذمہ داران کو ریجنل پولیس آفس ملتان میں طلب کرکے ضروری ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یتیم خانے کے انتظامی عہدے داران سے آر پی او آفس میں پوچھ گچھ کی جارہی ہے تاکہ نوجوان کی ہلاکت کے حالات اور واقعے سے متعلق حقائق سامنے لائے جاسکیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وسیم عباس نامی یتیم نوجوان کی گاڑی تلے کچلے جانے سے ہلاکت کا واقعہ پیش آیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق وسیم عباس یتیم خانے میں رہائش پذیر تھا اور انتظامیہ نے مبینہ طور پر اسے کام کے لیے ایک ٹھیکیدار کے پاس بھیجا تھا، جسے اس معاملے میں ملزم بتایا جارہا ہے۔

پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کررہی ہے، جبکہ یتیم خانے کی انتظامیہ کے کردار اور واقعے کے ذمہ داران کا تعین تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہوگا۔

مزید خبریں

Back to top button