نوجوانوں کے لیے کھیلوں کے میدان،لائبریریاں اور جم قائم کیے جائیں،ڈپٹی کمشنر بدین

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ/پی کے)ڈپٹی کمشنر بدین زارا زاہد کی زیرِ صدارت کمیٹی روم میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی برائے سوشیو پولیٹیکل ڈومین کا اہم اجلاس منعقد ہوا،جس میں مختلف متعلقہ محکموں کے افسران اور نمائندوں نے شرکت کی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر زارا زاہد نے کہا کہ کمیٹی کا بنیادی مقصد ضلع میں سماجی اور عوامی سرگرمیوں کو منظم بنانا، عوامی شرکت کو فروغ دینا اور بالخصوص نوجوانوں کو مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی ضلعی انتظامیہ، میونسپل اور ٹاؤن کمیٹیوں اور مقامی قیادت کے تعاون سے نوجوانوں کی فلاح، ان کی صلاحیتوں میں اضافے اور سماجی شعور کو فروغ دینے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے گی انہوں نے کہا کہ سوشیو پولیٹیکل ڈومین کمیٹی معاشرے میں ہم آہنگی پیدا کرنے اور نوجوانوں کو تعمیری سرگرمیوں کی جانب لانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ نوجوانوں کو مثبت راستوں کی طرف راغب کرنے سے نہ صرف معاشرتی برائیوں میں کمی آئے گی بلکہ وہ ملکی ترقی میں بھی مؤثر کردار ادا کر سکیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کمیٹی کے قیام سے نوجوانوں کے لیے کھیلوں، تعلیم، ثقافتی سرگرمیوں اور سماجی خدمات کے زیادہ مواقع پیدا ہوں گے، جبکہ ان میں قائدانہ صلاحیتوں کو بھی فروغ ملے گا اور وہ سماجی مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کرنے کے قابل بنیں گے ڈپٹی کمشنر نے میونسپل اور ٹاؤن چیئرمینوں کو ہدایت کی کہ نوجوانوں کے لیے کھیلوں کے میدان، لائبریریاں، جم، انڈور گیمز اور شجرکاری مہم سمیت دیگر مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ منفی رجحانات سے دور رہ کر تعمیری سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہر میونسپل اور ٹاؤن کمیٹی ہر ماہ کم از کم ایک یا دو عوامی پروگرام ضرور منعقد کرے ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ اسپورٹس آفیسر عبدالرزاق خاصخیلی کو ہدایت کی کہ ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفس کے تحت باقاعدگی سے کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا جائے اور ان تقریبات میں متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کو بھی مدعو کیا جائے تاکہ نوجوانوں کی زیادہ سے زیادہ حوصلہ افزائی ہو سکے اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر زارا زاہد نے میونسپل اور ٹاؤن افسران کو ہدایت کی کہ شہروں میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کے ساتھ تجاوزات کے خلاف فوری کارروائی کی جائے، کیونکہ تجاوزات کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دکانداروں کو پابند بنایا جائے کہ وہ اپنا سامان سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر نہ رکھیں، جبکہ ڈبل سڑکوں کے درمیان قائم تجاوزات کو بھی جلد از جلد ختم کیا جائے انہوں نے مزید کہا کہ وہ آئندہ چند روز میں خود مختلف شہروں کا دورہ کر کے صفائی ستھرائی اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیں گی اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

مزید خبریں

Back to top button