خیبرپختونخوا کا بنیادی مسئلہ سیاست نہیں، دہشت گردی ہے، دانیال چوہدری

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پارلیمانی سیکریٹری برائے اطلاعات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں ریاست اور صوبے کا بنیادی مسئلہ سیاست نہیں بلکہ دہشت گردی ہے۔ پاک فوج ملک کے دفاع کی ضامن ہے اور اس کی قربانیوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دانیال چوہدری نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے پاک فوج سے متعلق بیان کو افسوسناک قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہدا کی قربانیوں کا تنخواہوں سے موازنہ کرنا دل آزاری کا باعث ہے، کیونکہ فوجی جوان صرف تنخواہ کے لیے نہیں بلکہ وطن کے دفاع اور حرمت کے لیے اپنی جانیں قربان کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف گفتگو سے گریز کرنا چاہیے اور سیاسی اختلافات یا اقتدار سے محرومی کی بنیاد پر قومی اداروں کو نشانہ بنانا مناسب نہیں۔ ان کے مطابق پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔
دانیال چوہدری نے سوال اٹھایا کہ مولانا فضل الرحمان سمیت ہزاروں خاندان دہشت گردی سے متاثر ہو چکے ہیں، اس کے باوجود فوج پر تنقید کیوں کی جا رہی ہے؟ انہوں نے پی ٹی آئی رہنماؤں پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بقول پارٹی کے رہنما دہشت گردی کی مذمت نہیں کرتے۔ انہوں نے پی ٹی آئی اور جمعیت علمائے اسلام کے بعض رہنماؤں کی شہدا کے جنازوں میں عدم شرکت پر بھی سوالات اٹھائے۔
پارلیمانی سیکریٹری اطلاعات نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے حوالے سے کہا کہ یہ ایک انتہائی ناپسندیدہ اقدام ہے، تاہم ان کے بقول حالات کی مجبوری کے تحت یہ قدم اٹھایا گیا اور وہ اس کی حمایت جاری رکھیں گے۔
انہوں نے مولانا فضل الرحمان کو سینئر سیاست دان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا احترام کیا جاتا ہے، تاہم انہیں موجودہ سیاسی مؤقف اختیار کرتے ہوئے ماضی کے حالات اور رویوں کو بھی مدنظر رکھنا چاہیے۔
دانیال چوہدری کے مطابق ماضی میں پی ٹی آئی رہنما مولانا فضل الرحمان پر کرپشن کے الزامات لگاتے اور ان کے خلاف سخت زبان استعمال کرتے رہے ہیں، اس لیے موجودہ سیاسی صورتحال میں ان کی حمایت کے معاملے پر بھی غور کیا جانا چاہیے۔



