اسحاق ڈار کی تاجک صدر امام علی رحمان سے ملاقات، علاقائی تعاون بڑھانے پر زور

دوشنبے(جانوڈاٹ پی کے) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے ملاقات ہوئی، جس میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے تحت علاقائی اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے، روابط کے فروغ، استحکام اور مشترکہ خوشحالی کے لیے باہمی تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے تاجک صدر امام علی رحمان سے ملاقات میں شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے حکومتی وفود کے سربراہان کے ہمراہ شرکت کی۔

ملاقات کے دوران تاجک صدر نے رکن ممالک کے وفود کے سربراہان کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر اس بات پر زور دیا گیا کہ علاقائی ترقی، اقتصادی روابط اور مشترکہ خوشحالی کے اہداف کے حصول کے لیے رکن ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم کرنا ضروری ہے۔

شنگھائی تعاون تنظیم کا یہ اجلاس تاجکستان کے وزیراعظم قاہر رسول زادہ کی دعوت پر منعقد ہو رہا ہے، جس میں چین، روس، بھارت اور دیگر رکن ممالک کے وزرائے اعظم اور اعلیٰ سطحی وفود شریک ہیں۔ ایران کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر محمد رضا عارف بھی اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔

اجلاس کے دوران رکن ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون، تجارت، علاقائی سلامتی اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔ اجلاس کو خطے میں تعاون کے فروغ اور مشترکہ ترقی کے امکانات پر غور کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button