دہشت گردی کے خلاف جنگ، وزیراعظم تمام سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کیلئے تیار ہیں، رانا ثنا اللہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت دی ہے کہ وہ ملک میں دہشت گردی کے مسئلے پر وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ مل بیٹھ کر مشترکہ لائحہ عمل طے کریں۔ ان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم آج بھی اس معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں سے بات چیت کے لیے تیار ہیں۔

سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کی صورتحال کے دوران صوبائی حکومت کی جانب سے وفاق کو مطلوبہ تعاون نہیں مل رہا تھا، جبکہ بلوچستان کی صوبائی حکومت دہشت گردی کے خلاف اقدامات میں وفاق کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے اور ایسے حالات میں تمام سیاسی جماعتوں کو اختلافات ایک طرف رکھ کر قومی مسئلے کے حل کے لیے متحد ہونا چاہیے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز بھی ایک میجر نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔

رانا ثنا اللہ نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسپیکر قومی اسمبلی کے دستخط سے قائد حزب اختلاف بنے ہیں، تاہم عہدہ سنبھالنے کے باوجود اسپیکر چیمبر جانے کے لیے تیار نہیں۔ ان کے مطابق وہ خود محمود اچکزئی کے پاس گئے اور انہیں ضد چھوڑ کر وزیراعظم سے ملاقات کرنے کا مشورہ دیا۔

وزیراعظم کے مشیر نے مزید کہا کہ اپوزیشن کے بعض رہنما ایپکس کمیٹی کے اجلاسوں میں شرکت نہیں کرتے، حالانکہ وہاں کھل کر بات چیت ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی جیسے سنگین مسئلے پر سیاسی قیادت کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

رانا ثنا اللہ نے سیاسی ملاقاتوں کے دوران اداروں کے خلاف بیانیہ بنانے اور گالم گلوچ پر بھی تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملاقاتوں سے متعلق قواعد و ضوابط کے تحت پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ کبھی وہ عدالتوں کے ذریعے جیل سے باہر آنے کی کوشش کرتے ہیں اور کبھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ذریعے رہائی کی امید رکھتے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button