کراچی پولیس کے دو یونٹس میں جھگڑا، 16 افسران و اہلکار معطل

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) ضلع وسطی میں ملزمان کی حوالگی کے معاملے پر پولیس کے دو یونٹس کے درمیان جھگڑے اور ہاتھا پائی کے واقعے میں 16 افسران اور اہلکاروں کو معطل کردیا گیا، جبکہ دونوں یونٹس کے ڈی ایس پیز کو بھی شوکاز نوٹس جاری کردیے گئے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کی جانب سے کی گئی انکوائری میں سی آئی اے پولیس کو زیادہ قصوروار قرار دیا گیا، جس کے بعد کراچی پولیس چیف نے ڈی آئی جی ساؤتھ کی سفارش پر کارروائی کی۔

معطل کیے جانے والوں میں ایس آئی یو (سی آئی اے) پولیس کے 11 جبکہ ضلع وسطی پولیس کے 5 افسران اور اہلکار شامل ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق معطل افسران و اہلکاروں کو گارڈن ہیڈ کوارٹر میں قائم سسپنڈ کمپنی بھیج دیا گیا ہے۔

واقعے کے بعد دونوں پولیس یونٹس کے ڈی ایس پیز کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے ہیں، جبکہ ایس ایس پی سینٹرل اور ایس ایس پی ایس آئی یو کو لیٹر آف ایڈوائس بھی جاری کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 14 اکتوبر کی شب شارٹ ٹرم کڈنیپنگ کے ملزمان کی حوالگی کے معاملے پر کراچی پولیس کے دونوں یونٹس کے افسران کے درمیان تنازع پیدا ہوا تھا۔ جھگڑے کے دوران سی آئی اے پولیس کے اہلکاروں نے ضلع وسطی کے ڈی ایس پی اور اے ایس آئی کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بھی بنایا تھا۔

واقعے کی انکوائری کے بعد پولیس حکام نے محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے 16 افسران و اہلکاروں کو معطل کردیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button