ہڈیوں کی مضبوطی کیلئے متوازن غذا ضروری ہے، مریم نواز کا ورلڈ آسٹیوپوروسس ڈے پر پیغام

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہڈیوں کی کمزوری کی بیماری سے بچاؤ، بروقت تشخیص اور علاج کے حوالے سے عوامی شعور اجاگر کرنا ضروری ہے، جبکہ ہڈیوں کو مضبوط بنانے کے لیے متوازن غذا اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنا اہم ہے۔

ورلڈ آسٹیوپوروسس ڈے کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں مریم نواز شریف نے کہا کہ سال 2026 کے لیے اس دن کا خصوصی موضوع زندگی بھر ہڈیوں کی حفاظت اور انہیں مضبوط بنانا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ آسٹیوپوروسس کو خاموش بیماری کہا جاتا ہے کیونکہ ہڈی ٹوٹنے سے پہلے اکثر اس کی واضح علامات ظاہر نہیں ہوتیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ہڈیوں کی مضبوطی برقرار رکھنے کے لیے کیلشیم، وٹامن ڈی اور پروٹین سے بھرپور متوازن غذا استعمال کی جائے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ حکومت پنجاب ہیلتھ انیشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی اور پینل میں شامل اسپتالوں کے ذریعے شہریوں کو ہڈیوں اور جوڑوں کے امراض کا مفت علاج فراہم کر رہی ہے۔ ان کے مطابق مختلف بیماریوں سے بچاؤ، ابتدائی تشخیص اور عوامی آگاہی کے لیے بھی پروگرام جاری ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ خواتین اور بچوں کی صحت کے لیے محکمہ بہبودِ آبادی پنجاب کے ذریعے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ مزدوروں کو موبائل ہیلتھ یونٹس کے ذریعے بنیادی طبی سہولیات اور غذائیت سے متعلق مشاورت فراہم کی جاتی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے اس بات پر زور دیا کہ ہڈیوں کی صحت کے بارے میں آگاہی، مناسب غذائیت اور بروقت تشخیص بیماریوں سے بچاؤ اور صحت مند زندگی کے لیے اہم ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button