ٹیکس نیٹ بڑھانا ناگزیر، پائیدار معاشی ترقی حکومت کی ترجیح ہے، محمد اورنگزیب

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک میں ٹیکس نیٹ کا دائرہ وسیع کرنا ناگزیر ہے، جبکہ پائیدار معاشی ترقی اور برآمدات پر مبنی معیشت کا قیام حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
وزارت خزانہ کے زیر اہتمام ٹیکس نظام میں اصلاحات سے متعلق ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ ٹیکس نظام کو بہتر بنانے کے لیے اصلاحات کا عمل جاری ہے اور زیادہ سے زیادہ افراد اور کاروباری اداروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ٹیکس اصلاحات کے نتیجے میں مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح میں بہتری آئی ہے، جبکہ معاشی اصلاحات کے ذریعے ملک معاشی استحکام کی جانب بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد ایسی معاشی ترقی حاصل کرنا ہے جو طویل مدت تک برقرار رہ سکے۔
محمد اورنگزیب نے بتایا کہ ترسیلات زر میں تاریخی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، تاہم پاکستان کی معاشی ترقی کو پائیدار بنانے کے لیے برآمدات پر مبنی معیشت کو فروغ دینا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت منفی 0.3 فیصد شرح نمو سے بہتری کی جانب آئی ہے، جو معاشی حالات میں تبدیلی کی عکاسی کرتی ہے۔
وزیر خزانہ نے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایک وقت میں یہ ذخائر صرف دو ہفتوں کی درآمدات کے لیے کافی رہ گئے تھے، تاہم اب ان سے تین ماہ سے زائد کی درآمدات کی ضروریات پوری کی جا سکتی ہیں۔
محمد اورنگزیب کے مطابق گزشتہ چار برس کے دوران پاکستان کے بیرونی قرضوں میں چار ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے ٹیکس نظام میں بہتری، معاشی استحکام اور برآمدات کے فروغ کو مستقبل کی اقتصادی پالیسی کے اہم اہداف قرار دیا۔



