ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملےکھلی جارحیت، اسلام آباد مفاہمت کی بحالی اور مذاکرات دوبارہ شروع کئے جائیں، چین

دوشنبہ(مانیٹرنگ ڈیسک) چین کے وزیراعظم لی چیانگ نے ایران پر امریکا اور اسرائیل کے حملوں کو کھلی جارحیت قرار دیتے ہوئے اسلام آباد مفاہمت کی بحالی اور مذاکراتی عمل دوبارہ شروع کرنے پر زور دیا ہے۔

تاجکستان میں ایرانی نائب صدر سے ملاقات کے دوران چینی وزیراعظم نے کہا کہ ایران پر حملے مذاکرات کے دوران کیے گئے اور ان کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی اجازت بھی حاصل نہیں کی گئی تھی۔

لی چیانگ نے امریکا کی جانب سے ایران پر یکطرفہ پابندیاں عائد کرنے کی بھی مخالفت کی اور کہا کہ چین عالمی فورمز پر ایران کے جائز حقوق کی حمایت جاری رکھے گا۔

چینی وزیراعظم نے اسلام آباد معاہدے یا مفاہمت کی بحالی کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ تنازعات کے حل کے لیے سفارتی کوششوں اور مذاکرات کو ترجیح دی جانی چاہیے۔

دونوں رہنما تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبہ میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ممالک کے وزرائے اعظم کے اجلاس میں شرکت کے لیے موجود تھے، جہاں علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چین کے اس بیان کو ایران کے معاملے پر بیجنگ کے سفارتی مؤقف اور مذاکرات کے ذریعے کشیدگی کم کرنے کی حمایت کے تناظر میں اہم قرار دیا جارہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button