لاہور کے متعدد علاقوں میں 36 گھنٹوں سے بجلی بند، خراب ٹرانسفارمرز کی تبدیلی تاخیر کا شکار

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کے ٹرانسفارمرز خراب ہونے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ کیولری گراؤنڈ میں متعدد ٹرانسفارمرز گزشتہ 36 گھنٹوں سے خراب ہونے کی اطلاعات ہیں۔ بجلی کی طویل بندش کے باعث متاثرہ علاقوں میں معمولاتِ زندگی متاثر ہورہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق بعض علاقوں میں ٹرانسفارمرز خراب ہونے کے بعد متبادل ٹرانسفارمرز کی عدم دستیابی یا انہیں نصب کرنے میں تکنیکی مشکلات کے باعث بجلی کی بحالی میں تاخیر ہورہی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ طویل دورانیے تک بجلی بند رہنے سے روزمرہ کے امور متاثر ہورہے ہیں۔ انہوں نے لیسکو حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ خراب ٹرانسفارمرز کی تبدیلی اور بجلی کی فراہمی بحال کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

کیولری سب ڈویژن کے ایس ڈی او کے مطابق خراب ٹرانسفارمرز کی تبدیلی کے لیے متبادل ٹرانسفارمرز موجود ہیں، تاہم کرین خراب ہونے کے باعث انہیں نصب کرنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔

ایس ڈی او کا کہنا ہے کہ گزشتہ 36 گھنٹوں سے خراب ٹرانسفارمرز سے متعلق موصول ہونے والی شکایات پر کارروائی اور بجلی کی بحالی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

متاثرہ شہریوں نے لیسکو انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ ضروری مشینری کی فوری دستیابی یقینی بنائی جائے اور مرمتی کام تیز کیا جائے تاکہ انہیں مزید انتظار نہ کرنا پڑے۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی بحالی کے لیے واضح ٹائم فریم دیا جائے اور شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنایا جائے۔

مزید خبریں

Back to top button